اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ریبیکا گرینسپین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں عالمی امن، ترقی، انسانی حقوق اور کثیرالجہتی تعاون سمیت مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ اور پاسداری کے لیے اپنی پائیدار وابستگی برقرار رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ریبیکا گرینسپین نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے دیرینہ اور مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی حالیہ تعمیری کوششوں کی بھی تعریف کی۔