وزیراعلیٰ بلوچستان سے کامیاب مذاکرات، کوئٹہ میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان

image

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی دھرنا کمیٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد بی اے مال کے قریب جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی دھرنے کے مقام پر پہنچے جہاں انہوں نے دھرنا کمیٹی اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سینیٹر منظور کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مذاکرات صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں کیے گئے۔

کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا کمیٹی اور شہداء کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ پہلے دن سے دھرنا کمیٹی کے ساتھ رابطے میں تھے اور آئندہ بھی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق علاقے کے عوام اور بزرگوں سے ہے اور یہ رشتہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی عوام کے شانہ بشانہ تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے تسلیم کیا جائے گا اور اس کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کرائی کہ بطور وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف بگٹی وہ عوام سے کیے گئے تمام وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US