مون سون سے متعلق نئی پیشگوئی، بارشیں معمول سے کم مگر زیادہ شدت کی ہوں گی، این ڈی ایم اے

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں مون سون سیزن کے دوران بارشوں کی مجموعی مقدار معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، تاہم جہاں بارش ہوگی وہاں اس کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کی ماہر ڈاکٹر بشریٰ خالد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی موسمیاتی نظام النینو کے اثرات کے باعث پاکستان میں مون سون کی بارشوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ ان کے مطابق شمال مشرقی سمت سے داخل ہونے والا مون سون سسٹم نسبتاً کمزور ہے اور اس میں نمی کی مقدار بھی معمول سے کم ہے، جس کے باعث روایتی انداز کی وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان کم ہوگیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ محکمہ کے مطابق 11 اور 12 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے چند علاقوں میں 12 سے 13 جولائی کے دوران بھی بارش متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ مجموعی بارشیں معمول سے کم رہ سکتی ہیں، تاہم بعض مقامات پر شدید بارشیں شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب اور نشیبی علاقوں میں صورتحال کو متاثر کرسکتی ہیں، اس لیے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US