نجکاری کمیشن بورڈ کی منظوری: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک مالیاتی مشیر مقرر

image

نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ فیصلہ مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت ہونے والے نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ پر دستخط کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ معاہدے کی شرائط کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس کی توثیق کر دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اپنی بین الاقوامی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر شفاف اور مسابقتی انداز میں اس اہم عمل کو مؤثر طریقے سے مکمل کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔

بورڈ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے نجی شعبے کے ایک اہل آپریٹر کے سپرد کیا جائے گا، جس سے ہوائی اڈے کی آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی، مسافروں کو زیادہ معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید ترقی دی جاسکے گی۔

اجلاس میں نجکاری کمیشن بورڈ نے آڈٹ کمیٹی کی سفارش پر مالی سال 2025-26 سے 2027-28 تک تین سالہ بیرونی آڈٹ کی بھی منظوری دی، جبکہ بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو بیرونی آڈیٹرز مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US