خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اراکین اسمبلی کے استحقاقات و مراعات سے متعلق مجوزہ بل پر مشاورت کے لیے 13 جولائی 2026، بروز پیر، دوپہر 12 بجے اسپیکر چیمبر میں تمام پارلیمانی قائدین کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر بابر سلیم سواتی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان ہونے والی مشاورت، اور سول سوسائٹی کی جانب سے سامنے آنے والے تحفظات اور تجاویز کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کے استحقاقات اور مراعات سے متعلق مجوزہ بل کی مختلف شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران سول سوسائٹی، صحافیوں اور دیگر متعلقہ حلقوں کی جانب سے پیش کی گئی آراء، تجاویز اور تحفظات پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ قانون سازی کو متوازن، جامع، قابلِ عمل اور عوامی توقعات سے ہم آہنگ بنایا جاسکے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور چیف وہپ خیبرپختونخوا اسمبلی اکبر ایوب خان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔