خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں شدید بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں ایک تقریب جاری تھی جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اندر موجود تھے۔ چھت گرنے کے بعد متعدد افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب کے ضلع اٹک میں بھی بارش کے باعث ایک دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بارش کے باعث ملتان، ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔