ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صافی نے ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
فیصلہ سنائے جانے کے فوراً بعد فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگا دی گئیں جبکہ عدالت نے ملزم کو سخت سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
استغاثہ کے مطابق ماجد ستی کو 23 اگست 2022 کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا جس پر تھانہ صادق آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی تھی۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پلاٹ پر قبضے کی مزاحمت کرنے پر ماجد ستی کو قتل کیا گیا۔
فرخ کھوکھر ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے بعد ازاں اس جماعت سے مستعفی ہو کر جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شامل ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق مقتول ماجد ستی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تھا جبکہ عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم کو سزا پر عمل درآمد کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔