آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 کے سلسلے میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے شریک ہونے والے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے چانسلر الغزالی یونیورسٹی مفتی عبد الرحیم کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں ریاست اور افواجِ پاکستان کی اہمیت کو سمجھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا قومی مفاد کے منافی ہے، اس لیے نوجوان مستند معلومات کو ترجیح دیں اور حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔
انہوں نے پاک فوج کی دیانت داری، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ صلاحیت اور وطن سے وفاداری کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصیات نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
مفتی عبد الرحیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوارج دین کی غلط تشریح کرتے ہیں اور مسلمانوں ہی کے خلاف فتنہ و فساد برپا کرتے ہیں، جن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد رہنا ہوگا۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر شہری کو متحد رہنا چاہیے اور پاکستانی ہونے پر فخر کرنا چاہیے۔