خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات: تاریخ کے تعین کے لیے دوبارہ مشاورت کا فیصلہ

image

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز اراکین، سیکریٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے، جبکہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہوچکی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن متعلقہ 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرچکا ہے اور انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور خیبر پختونخوا لوکل کونسلز (کنڈکٹ آف الیکشنز) رولز 2021 کے تحت انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے صوبائی حکومت سے قانونی مشاورت جاری ہے تاکہ باہمی مشاورت کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جاسکے۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 جولائی 2026 کو موصول ہونے والے مراسلے کے بعد متعلقہ سمری فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت انتظامی سطح پر الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون اور انتخابات کے انتظامات کے لیے تیار ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سے متعلقہ سمری کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US