وزیر مذہبی امور کا اعلان:51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آئندہ ماہ شایانِ شان انداز میں ہوگی

image

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آئندہ ماہ ربیع الاول میں شایانِ شان انداز میں منعقد کی جائے گی، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز علماء کرام، سکالرز اور مندوبین شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر کی زیر صدارت 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانفرنس کے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کو اس سال اس اہم اور بابرکت کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ عالمی سطح پر سیرت النبی ﷺ کے آفاقی پیغام کو اجاگر کرنے کا بھی مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں ملک بھر کے ممتاز علماء کرام، مذہبی شخصیات، سکالرز اور مختلف ممالک سے آنے والے مندوبین شرکت کریں گے، جس سے بین الاقوامی مذہبی ہم آہنگی اور سیرت النبی ﷺ کے فروغ کو تقویت ملے گی۔

اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری مرزا علی محسود سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر نے حج 2027 کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے لاہور حاجی کیمپ کی تعمیراتی سرگرمیاں جلد مکمل کرنے اور اسلام آباد حاجی کیمپ میں قائم قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ قرآنی اوراق کی باوقار اور مناسب طریقے سے تلفی کو یقینی بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US