پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔
اختیار ولی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے قدآور سیاسی رہنما کو اس نوعیت کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا بلکہ وطن کے دفاع، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو تنخواہ سے منسوب کرنا ان کی لازوال خدمات اور ایثار کے جذبے کے ساتھ زیادتی ہے۔ اختیار ولی کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے۔