بشکیک میں ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریاں مکمل، اسحاق ڈار کی اہم سفارتی ملاقاتیں متوقع

image

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر پاکستان، روس، چین اور ایران کے وزرائے خارجہ آئندہ ہفتے بشکیک میں اہم ملاقاتوں میں شریک ہوں گے، جہاں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے جمہوریہ کرغیز کے دورے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وہ آئندہ ہفتے کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچیں گے، جہاں 24 جولائی کو منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور اہم بین الاقوامی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی بھی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے، جبکہ وزرائے خارجہ اجلاس میں آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس اگلے ماہ کے اختتام پر بشکیک میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت بھی متوقع ہے، جبکہ سربراہی کانفرنس کے اختتام پر یکم ستمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US