پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ ”آپریشن شعبان“ بھرپور انداز میں جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں مؤثر طریقے سے جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جس کے بعد آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 85 ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران مجموعی طور پر 123 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے انجام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔