آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری داخلہ چوہدری گفتار حسین اور سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ 38 روز سے ریاست میں امن و امان اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ ریاست کے بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی بحال ہو چکے ہیں اور تمام سرکاری و نجی ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، جبکہ راولاکوٹ میں امن و امان کی مکمل بحالی اور اہم شاہراہوں کی کلیئرنس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے حقوق کے نام پر احتجاج کو دھونس، بلیک میلنگ اور پروپیگنڈے کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔ ان کے بقول تنظیم کا مقصد پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا، افواجِ پاکستان کے خلاف مہم چلانا اور پاکستان و آزاد کشمیر کے تاریخی تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔
سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت ریاست میں امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی معمول کی زندگی کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔