انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ 3 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 383.6 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر 7 مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس اور آئس قبضے میں لی گئی۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران احرام میں مہارت سے چھپائی گئی 9.2 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔
کراچی-حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 294 کلوگرام چرس کے ساتھ 30 بور پستول، ایک میگزین اور 6 گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
کوئٹہ میں ایک ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 30 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ دینہ میں ایک گھر پر کارروائی کے دوران 13.2 کلوگرام چرس قبضے میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
سہراب گوٹھ کراچی کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ترکئی ٹول پلازہ، جہلم کے قریب ایک گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسی طرح کراچی میں واقع ایک کوریئر آفس میں دو فائبر باکسز سے 18 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔