16 جولائی سے نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کی ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز

image

پاکستان کی نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے 16 جولائی 2026 سے ملک بھر میں اپنی باقاعدہ ڈومیسٹک فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مختلف شہروں کے درمیان فضائی رابطوں کو بہتر بنانا، علاقائی ترقی کو فروغ دینا اور مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ایئرلائن کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی، اسلام آباد اور بہاولپور کے درمیان باقاعدہ پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ کراچی سے گوادر، سکھر اور رحیم یار خان کے لیے بھی نئی شیڈول سروسز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان نئے روٹس سے کاروباری سرگرمیوں، سیاحت، تعلیم اور علاقائی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔

ساؤتھ ایئر اپنی پروازوں کا آغاز جدید ATR 72-600 طیاروں کے ذریعے کرے گی جو مختصر فاصلے کے روٹس پر موثر اور محفوظ فضائی سفر کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ نے کہا کہ کمپنی کا قیام صرف ایک نئی ایئرلائن کا اضافہ نہیں بلکہ پاکستان کے فضائی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ ان کے مطابق ادارہ مسافروں کو محفوظ، بروقت اور اعلیٰ معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے علاقوں کو بھی قومی فضائی نظام سے جوڑنے کے لیے پرعزم ہے جہاں فضائی خدمات محدود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی مستقبل میں اپنے فضائی بیڑے اور روٹ نیٹ ورک میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ملک کے مزید شہروں تک جدید فضائی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔ اس مقصد کے تحت ساؤتھ ایئر نے ڈریم ورلڈ ڈیسٹینیشن ہوٹلز اینڈ گولف کورس کے ساتھ ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت مشترکہ سفری پیکجز، خصوصی رعایتی آفرز اور سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق تمام فضائی آپریشنز بین الاقوامی حفاظتی معیارات، وقت کی پابندی، بہترین کسٹمر سروس، آپریشنل شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US