محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران متعدد شہروں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش برسانے والا موسمی نظام موجود ہے جس کے زیرِ اثر آئندہ ایک سے چار گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، سوات اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن اور ملحقہ علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب بادلوں کی گرج چمک کے بعد لاہور، گوجرانوالہ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔