وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے شعبے میں مالی انتظامات کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم اخراجات کی مد میں 200 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بجلی صارفین کے بلوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ تین برس کے ریونیو اخراجات کی وصولی کے لیے نیپرا سے رجوع کیا تھا۔ درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اخراجات کی وصولی کی اجازت دے دی۔
فیصلے کے تحت یکم اگست 2026 سے یہ رقم ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے لیسکو سمیت تمام متعلقہ تقسیم کار کمپنیوں کو ٹیرف کی مد میں اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس کے نتیجے میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ وصولیاں نیشنل گرڈ کے سسٹم اخراجات پورے کرنے کے لیے کی جائیں گی، تاہم اس فیصلے کا براہ راست اثر بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑنے کا خدشہ ہے۔