حج 2027 سے 2030 تک کے لیے گھر بیٹھے ڈیجیٹل حج رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ حج پورٹل پر رجسٹرڈ عازمین کی تعداد سوا تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2 لاکھ 83 ہزار افراد نے حج پورٹل کے ذریعے، جبکہ 43 ہزار عازمین نے پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کی ہے۔
رجسٹریشن کے دوران 2 لاکھ 35 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم، جبکہ 90 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا۔ رجسٹرڈ عازمین میں 1 لاکھ 91 ہزار مرد اور 1 لاکھ 34 ہزار خواتین شامل ہیں۔
حکام کے مطابق آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل اگلے اعلان تک جاری رہے گا تاکہ مزید خواہشمند افراد بھی آسانی سے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کا نظام بھی تیار کر لیا ہے، جبکہ حج پیکیجز، اخراجات اور ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔