وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ گہرے برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے یوم جمہوریت اور قومی یکجہتی کی دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ترکیہ نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں معاشی اور دفاعی میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور آج ایک مضبوط عالمی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے 15 جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 250 ترک شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوموں کو مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا حوصلہ اور عزم فراہم کرتی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عوامی سطح پر انتہائی مضبوط روابط موجود ہیں۔ انہوں نے حالیہ استنبول کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاک-ترک دوستی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جہاں پاکستانیوں کے لیے محبت اور احترام کے جذبات نمایاں تھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے، جبکہ ترکیہ نے بھی مسئلہ کشمیر پر ہر فورم پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والی ایک قیمتی میراث ہے، جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک باہمی تعاون کو فروغ دے کر ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ترک قیادت کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ جانے والے پاکستانیوں کو ہمیشہ عزت، احترام اور اپنائیت کا احساس دلایا جاتا ہے۔