40 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری میں تاخیر، مریض مشکلات کا شکار

image

وفاقی حکومت کی جانب سے قیمتوں کی حتمی منظوری نہ ملنے کے باعث کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، پارکنسنز، دل کے امراض اور دیگر سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی 40 نئی رجسٹرڈ ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث متعدد مریض متبادل ذرائع سے ادویات حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کے تعین میں تاخیر کے باعث ان کی قانونی فروخت ممکن نہیں ہو سکی، جس کے نتیجے میں بعض مریض غیر رجسٹرڈ، ذاتی طور پر درآمد کی گئی یا اسمگل شدہ ادویات پر انحصار کر رہے ہیں۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ معاملہ موجودہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نہیں بلکہ نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق ہے۔ وزارت کے مطابق 35 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے، جبکہ مزید 40 ادویات کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ جاری ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے مطابق 40 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کی جا چکی ہیں، اور حتمی منظوری ملنے کے بعد ہی ان ادویات کی قانونی فروخت کا آغاز کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب فارما انڈسٹری اور کیمسٹس تنظیموں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی فوری منظوری دی جائے تاکہ مریضوں کو معیاری اور قانونی طور پر دستیاب ادویات بروقت فراہم کی جاسکیں اور انہیں غیر رجسٹرڈ یا اسمگل شدہ ادویات پر انحصار نہ کرنا پڑے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US