نورین نیازی کی این سی سی آئی اے میں پیشی، وکیل نے چار ہفتوں کی مہلت طلب کر لی

image

بانی پاکستان تحریکِ انصاف کی بہن نورین نیازی کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں طلبی کے معاملے پر ان کے وکیل فیصل ملک نے ادارے سے چار ہفتوں کی مہلت مانگ لی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ملک نے بتایا کہ نورین نیازی اس وقت بیرونِ ملک موجود ہیں، جس کے باعث ان کے لیے فوری طور پر پاکستان آ کر پیش ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر این سی سی آئی اے سے چار ہفتوں کی مہلت کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نورین نیازی کو بھیجے گئے نوٹس میں درج پتہ بھی درست نہیں تھا اور انہیں اس معاملے کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔ وکیل کے مطابق نورین نیازی ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی اور اس سلسلے میں ابتدائی جواب بھی جمع کرا دیا گیا ہے۔

فیصل ملک کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے شکایت کی نقل فراہم کرے اور یہ بھی واضح کرے کہ نورین نیازی کو کس قانون اور کس شق کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نورین نیازی ایک محب وطن شہری ہیں، تمام ریاستی اداروں کا احترام کرتی ہیں اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق منصفانہ اور شفاف طریقے سے کارروائی کی جانی چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US