فہمیدہ پتافی اغوا کیس: عدالت سے ہوم سیکریٹری اور آئی جی سندھ کے وارنٹِ گرفتاری جاری

image

سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے فہمیدہ پتافی کے مبینہ اغوا کیس کی سماعت کے دوران عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود متعلقہ حکام نے نہ تو عدالت کے احکامات پر مؤثر عمل درآمد کیا اور نہ ہی کیس کی پیش رفت سے متعلق تسلی بخش رپورٹ پیش کی، جس کے باعث عدالت کو وارنٹ جاری کرنے کا حکم دینا پڑا۔

سماعت کے دوران عدالت نے فہمیدہ پتافی کی بازیابی اور تفتیش کی رفتار پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ عدالتی ہدایات کے باوجود اب تک کیا عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور لاپتا یا اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے متعلقہ حکام عدالت کے احکامات پر بروقت اور مؤثر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ہوم سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US