پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، دو مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار

image

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے کالا باغ اور دریائے چناب کے خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح دریائے چناب کے خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 13 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ، قادر آباد، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، سدھنائی اور بلوکی، جبکہ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ کے تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی پانی کی سطح نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہی علاقوں میں بھی فی الحال کسی غیرمعمولی صورتحال کی اطلاع نہیں اور پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US