فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹر تربیلا کا دورہ، جنگی صلاحیتوں کا جائزہ

image

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹر تربیلا کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مختلف مشنز کے لیے جنگی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 5 نومبر کو ایس ایس جی ہیڈکوارٹر تربیلا پہنچے تو جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاری اور مختلف نوعیت کے مشنز کی انجام دہی کے لیے دستیاب صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے جدید خصوصی آلات کا معائنہ بھی کیا اور ایس ایس جی کے جوانوں کی جانب سے خصوصی آپریشنز کے دوران جنگی مہارت، پھرتی اور درستگی کے عملی مظاہرے دیکھے۔

اس موقع پر افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایس ایس جی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور فرائض کی انجام دہی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی صلاحیتوں کی ترقی اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US