آزاد کشمیر: سابق صدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، 27 جولائی کے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ

image

آزاد کشمیر کے سابق صدر اور سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط ارسال کرتے ہوئے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے خط میں سردار محمد یعقوب خان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50(7) اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے سیکشن 53 کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے لکھا کہ الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری شفاف، غیرجانبدار اور محفوظ ماحول میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے، جبکہ ہنگامی حالات میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلے کرنا بھی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق جمہوری عمل کا مقصد صرف مقررہ تاریخ پر پولنگ کرانا نہیں بلکہ ووٹرز کو خوف و ہراس سے پاک ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا بھی ہے۔

سردار محمد یعقوب خان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر آزاد کشمیر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جامع جائزہ لے اور سول انتظامیہ، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انتخابات کے انعقاد سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کرے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے یہ بھی تجویز دی کہ الیکشن کمیشن تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہنگامی مشاورت کرے تاکہ زمینی حقائق کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالات معمول پر آنے تک 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات مناسب مدت کے لیے مؤخر کیے جائیں، تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US