جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرِ صدارت جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ اور چاروں صوبوں کے امراء کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیمی، سیاسی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عمومی کا دو روزہ دستوری اجلاس 19 اور 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشنز کے انعقاد کی منظوری بھی دی گئی، جن سے مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جمعیت علمائے اسلام پنجاب کے زیرِ اہتمام ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2026 کے دوران بڑے عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، جن میں جماعت کی مرکزی و صوبائی قیادت کارکنوں اور عوام سے خطاب کرے گی۔
اجلاس میں مارچ 2027 میں صوبہ سندھ کی جمعیت کے زیرِ اہتمام سکھر میں منعقد ہونے والی ”امنِ عالم کانفرنس“ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔