پولنگ میں تاخیر پر شیری رحمان کا اظہارِ تشویش، الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

image

سینیٹر شیری رحمان نے آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں پولنگ کے عمل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا اور ہر ووٹر کو بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابی عملے کی تاخیر کے باعث ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ مقررہ وقت پر شروع نہ ہونے سے انتخابی انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق حلقہ ایل اے-28، ایل اے-31، ایل اے-25 اور ایل اے-34 کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار رہا۔

شیری رحمان نے کہا کہ حلقہ ایل اے-31 کے پولنگ اسٹیشن شرک کمال باندی میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات ہے، حالانکہ اس پولنگ اسٹیشن کو پہلے ہی حساس قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ ایل اے-31 میں رنگلہ سے کٹکئیر جانے والی سڑک کی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ان کے مطابق گزشتہ رات سے سڑک بند ہونے کے باعث ووٹرز کو لے جانے والی 50 سے زائد گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ووٹرز اپنے پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے سے محروم ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان نے بتایا کہ پولنگ میں تاخیر اور دیگر مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق متعدد تحریری شکایات الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے معاملات کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ووٹنگ کے عمل کو بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شفاف، آزاد اور غیرجانبدار انتخابات ہی جمہوری نظام کی بنیاد ہیں اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ تمام ووٹرز کو آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US