مون سون بارشیں معمول سے 19.3 فیصد کم، سندھ میں سب سے زیادہ کمی

image

رواں سال پاکستان میں مون سون بارشیں معمول سے نمایاں کم ریکارڈ کی گئی ہیں، ملک میں 30 سال بعد مون سون کے دوران بارشوں میں 19.3 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی سے 30 ستمبر تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 120.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جو معمول کے مقابلے میں 19.3 فیصد کم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مون سون بارشیں معمول سے 50.8 فیصد کم رہیں، جہاں مجموعی طور پر صرف 71.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سندھ مون سون سیزن کے دوران ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا۔

کراچی میں مون سون بارشوں میں معمول کے مقابلے میں 92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بلوچستان میں 33.7 فیصد، آزاد کشمیر میں 18.4 فیصد، خیبر پختونخوا میں 16.3 فیصد اور پنجاب میں 3.8 فیصد کمی رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان واحد خطہ ہے جہاں مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہوئی، یہاں بارشوں کی شرح معمول سے 4.6 فیصد زیادہ رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں میں کمی کی موسمیاتی وجوہات میں ال نینو کے اثرات بھی شامل ہیں۔ ال نینو کے باعث عالمی اور علاقائی موسمیاتی نظام میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جو جنوبی ایشیا میں مون سون کی شدت اور بارشوں کے نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال پاکستان کے پڑوسی ممالک میں بھی مون سون بارشیں معمول سے نمایاں کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US