یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے کے دوران فائر ڈپارٹمنٹ کے دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار دو افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں پیش آیا جہاں آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں جاری تھیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ڈنمارک کا پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا ایک افسر شامل ہیں جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر کا عملہ محفوظ رہا۔
حکام نے تحقیقات مکمل ہونے تک علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ دوسری جانب سیکڑوں فائر فائٹرز جنگلات میں لگی آگ کو آبادی تک پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس حادثے کے بعد رواں ہفتے یونان میں جنگلات کی آگ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔