نیپال کے پہاڑی علاقے ایورسٹ میں بیس کیمپ کے قریب لینڈنگ کی کوشش کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی مسافر ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر نیپال کے علاقے پھیریچے میں پیش آیا۔ دونوں ہیلی کاپٹرز فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی کمپنیوں کے زیرِ آپریشن تھے اور لینڈنگ کی کوشش کررہے تھے کہ اچانک آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافر کی شناخت 47 سالہ بھارتی شہری کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے مسافر کا تعلق نیوزی لینڈ سے بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زخمی مسافر کو علاج کے لیے کھٹمنڈو منتقل کیا گیا۔ دونوں ہیلی کاپٹرز کے پائلٹس بھی زخمی ہوئے۔
نیپال کے حکام کے مطابق حادثے کے وقت دونوں ہیلی کاپٹرز ایورسٹ کے علاقے میں سیاحوں اور سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔ ایک ہیلی کاپٹر فش ٹیل ایئر جبکہ دوسرا ایئر ڈائنسٹی کا تھا۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں طیاروں کو نقصان پہنچا۔
پھیریچے کا علاقہ سطح سمندر سے تقریباً 4,200 میٹر بلند ہے اور ایورسٹ بیس کیمپ جانے والے کوہ پیماؤں اور سیاحوں کے لیے اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور سڑکوں کی عدم موجودگی کے باعث اس علاقے میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیاحوں کی منتقلی اور ہنگامی انخلا کیا جاتا ہے۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دونوں ہیلی کاپٹرز لینڈنگ کے دوران کس وجہ سے آپس میں ٹکرائے۔