وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور میں ان کی زیر صدارت منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اسکیم کی پیش رفت اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ایک لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرضے کی دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے جبکہ 62 ہزار 600 گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت قرضوں کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول ہو چکی ہیں جبکہ درخواست گزاروں کو ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسکیم کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔