عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر تیل تقریباً 7 فیصد سستا ہو گیا جس کے بعد قیمتیں 13 جولائی کے بعد کم ترین سطح پر بند ہوئیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 6.35 ڈالر کمی کے بعد 83.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 4.33 ڈالر سستا ہو کر 80.34 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی محکمہ توانائی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو میں خام تیل کے ذخائر 1983 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر سے 172 ملین بیرل خام تیل جاری کرنے کی منظوری کے بعد یہ صورتحال سامنے آئی۔