پاکستان کا مالی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

image

پاکستان کا مالی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر آگیا جبکہ پرائمری سرپلس 26 سال کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ نے مالی سال 2025-26 کے مالیاتی اعداد و شمار جاری کردیئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مالی خسارہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 2.6 فیصد تک محدود رہا۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 2.9 فیصد تک پہنچ گیا، جو 26 سال کے دوران بلند ترین سطح ہے۔ پاکستان میں مسلسل تیسرے سال پرائمری سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران حکومت کو مجموعی طور پر 19 ہزار 800 ارب روپے کے محصولات حاصل ہوئے، جن میں 14 ہزار 800 ارب روپے ٹیکس آمدن کی مد میں شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے دوران سود کی مد میں 6 ہزار 950 ارب روپے ادا کیے گئے، جبکہ اس سے ایک سال قبل یہ حجم 8 ہزار 900 ارب روپے تھا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالیاتی اعداد و شمار میں بہتری مالی نظم و ضبط اور حکومتی مالیاتی اقدامات کے باعث ممکن ہوئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US