سابق کرکٹرز کی تجاویز کا احترام ہے، لیکن بے جا تنقید سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، محسن نقوی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی تھیں اور حالیہ فیصلوں کا مقصد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے تسلیم کیا کہ قومی ٹیم کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور پچھلے کچھ میچوں کے نتائج سے بدتر صورتحال ممکن نہیں تھی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ فیصلے محض وقتی کارکردگی کی بنیاد پر نہیں کیے جا رہے بلکہ اس کے پیچھے دیگر عوامل بھی شامل ہیں، جن کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور جن کا فی الوقت علانیہ ذکر کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کیے گئے فیصلے اور تبدیلیاں ناگزیر تھیں تاکہ ٹیم کو صحیح سمت میں گامزن کیا جا سکے۔

محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ محدود اوورز یعنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرح آنے والے دنوں میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دور میں وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کی رینکنگ اور کامیابیوں کا تناسب بہتر ہوا ہے، جہاں نئی کوچنگ مینجمنٹ کے آنے کے بعد ون ڈے رینکنگ آٹھویں سے پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے۔

تنقید کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ تعمیری تنقید اور وسیم اکرم جیسے تجربہ کار سابق کرکٹرز کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، تاہم بے جا تنقید سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکشن میں کچھ غلطیاں بھی ہوئی ہیں کیونکہ کوئی انسان غلطی سے پاک نہیں ہوتا، لیکن سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کو احتساب کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ ٹیم کے نتائج کی ذمہ داری لیتا ہے اور کھلاڑیوں کو عزت دینے کے ساتھ ساتھ ہر ضروری قدام اٹھایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US