چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ویژن کے مطابق ملک کے 100 اضلاع میں اسکول کرکٹ کی سرگرمیاں کامیابی سے جاری ہیں۔
اس سلسلے میں پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایک خصوصی کوچنگ کلینک کا انعقاد کیا گیا، جس میں دو مختلف اسکولوں کے 30 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس کوچنگ کلینک میں قومی کرکٹرز کی زیر نگرانی بچوں کی تربیت کی گئی۔ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دھانی نے اسکول کے بچوں کو فاسٹ باؤلنگ کے جدید گر سکھائے، جبکہ فخر زمان نے نیٹس میں بلے بازوں کی تکنیک کا جائزہ لے کر انہیں بیٹنگ کے حوالے سے مفید مشورے دیے اور ابرار احمد نے کھلاڑیوں کو سپن باؤلنگ کے مختلف اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
پاکستان میں اسکول کرکٹ کو مزید فعال بنانے کے لیے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دوسرا سیزن ستمبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا دائرہ کار سال 2025 کے دوران 39 اضلاع سے بڑھا کر 100 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، جبکہ اس سے منسلک اسکولوں کی تعداد بھی 450 سے بڑھ کر 1400 تک پہنچ چکی ہے۔ اس وقت ملک بھر کے مختلف تعلیمی ادارے پی سی بی کے ساتھ مل کر گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ اور اس کی بنیادیں مضبوط کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔