نیشنل ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ کے روز نیا ناظم آباد جمخانہ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جس میں سٹارز اور چیلینجرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
فائنل میں سٹارز کی قیادت وکٹ کیپر بیٹر کومل خان جبکہ چیلینجرز کی کیپتانی قومی ویمنز انڈر 19 کپتان فضہ فیاض کریں گی۔ یہ میچ پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا جبکہ ٹیپ میڈ اور تماشا ایپ پر لائیو سٹریم ہوگا، اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم شائقین پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر فائنل دیکھ سکیں گے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ روپے اور رنرز اپ کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
میچ سے قبل بات کرتے ہوئے چیلینجرز کی کپتان فضہ فیاض نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی کوالٹی بہترین رہی اور اس سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلینجرز نے سٹارز کو دو سنسنی خیز میچوں میں شکست دی ہے، اس لیے فائنل بھی انتہائی دلچسپ ہوگا۔
دوسری جانب سٹارز کی کپتان کومل خان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے کم تجربے کے باوجود عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور کوچز نے ہر چیلنج میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم فائنل میں چیلنجرز کو سخت مقابلہ دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔