وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز کے کارڈیک سینٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب اور پرائیویٹ رومز کا بھی معائنہ کیا۔
کارڈیک سینٹر کے پرائیویٹ رومز کی خراب حالت دیکھ کر مصطفیٰ کمال اسٹاف پر برہم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کی حالت روزانہ دیکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو کام نہیں کر رہا اسے فوری فارغ کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو ہدایت کی کہ فوری اقدامات کیے جائیں اور غیر مؤثر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انتظامیہ کی جانب سے اسپتال میں اختیارات ایک شخص کے پاس ہونے کی شکایت پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تحریری طور پر تجاویز دی جائیں، اختیارات تقسیم کردیں گے۔