کراچی: 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 45 زخمی

image

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے متعدد ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوگئے، جنہیں فوری امداد کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بقائی ٹول پلازہ کے قریب وادیءِ حسین قبرستان کے پاس تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ راہگیر امام الدین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ دوسرا حادثہ الآصف اسکوائر لیاری ایکسپریس وے پل کے قریب پیش آیا، جہاں رکشے کی ٹکر سے 45 سالہ موٹر سائیکل سوار عبدالستار ولد ولی محمد شدید زخمی ہوا، جو بعد ازاں اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

لانڈھی میں قائد آباد ایبٹ کمپنی کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے دو راہگیروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 65 سالہ گل دراز جاں بحق جبکہ 60 سالہ شیر عالم شاہ ولد اجمیر شاہ شدید زخمی ہوگیا۔

اسی طرح کورنگی شریف آباد سیکٹر 7A کے قریب بھی گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا، جس کی فوری طور پر شناخت نہ ہوسکی۔ چھیپا ذرائع کے مطابق تمام متوفین اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US