سندھ کی تقسیم یا نقصان پر خاموش نہیں رہیں گے، وفاق نفرتیں نہ پھیلائے، سعدیہ جاوید

image

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزراء کو سندھ کے آئینی و جغرافیائی حقوق پر سیاست بند کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ ان کا خطاب سندھ کے کروڑوں عوام کے حقوق کا سچا ترجمان تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی اور قائد ایوان کو اپنے عوامی و معاشی مفادات کے تحفظ کا مکمل آئینی اختیار حاصل ہے، اور سندھ کی دھرتی کی تقسیم یا نقصان کے کسی بھی اقدام پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔

سعدیہ جاوید عباسی نے وفاقی حکومت کو ملک کے اصل معاشی اور عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ہمیشہ آئین کی پاسداری اور وفاق کی مضبوطی کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وفاقی وزراء سندھ دشمنی پر مبنی بیانات سے نفرتیں پھیلانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US