شاہد آفریدی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے "سفیر کھیل" مقرر، تقریب کا انعقاد

image

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ لیجنڈ شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا "سفیر کھیل" مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، معروف کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران شاہد خان آفریدی کو سفیر کھیل کی تقرری کی سند پیش کی گئی اور آئی جی سندھ اور شاہد آفریدی کے درمیان باہمی یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔

اس سے قبل آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے قومی کرکٹر سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس میں کھیلوں کا انعقاد ہمیشہ سے ترجیحات میں شامل رہا ہے اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ انہوں نے تعاون کرنے والے تمام کاروباری افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس کو شامل کر کے ایک بڑا اسپورٹس میلہ سجایا جائے گا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور منشیات سے دور رکھنا ہے۔ آئی جی سندھ نے شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی شمولیت کو محکمہ کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔

اس موقع پر شاہد خان آفریدی نے سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر ہونے پر خوشی اور اعزاز کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے جہاں ماضی میں سندھ پولیس کی تین کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں اور بچپن میں اس ٹیم میں کھیلنا ان کا خواب تھا۔

انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US