یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار آرینا سبالینکا کو اس وقت میچ روکنا پڑا جب کورٹ کے قریب بھنگ کی تیز بو پھیل گئی۔
ازبک کھلاڑی کامیلا راخیمووا کے خلاف میچ کے دوران سبالینکا نے امپائر کی توجہ بدبو کی جانب دلائی اور کچھ دیر کھیل روکنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بو اتنی شدید ہے کہ کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہورہا ہے۔
میچ کے بعد سبالینکا نے کہا کہ انہیں لوگوں کے بھنگ استعمال کرنے پر اعتراض نہیں، تاہم ٹینس کورٹ کے قریب ایسی صورتحال سے کھیل متاثر ہوتا ہے۔ نیویارک میں 21 سال سے زائد عمر افراد کے لیے تفریحی بھنگ کا استعمال قانونی ہے، تاہم یو ایس اوپن کے احاطے میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں۔