سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے اتحادیوں کو ضرور خوش کرے مگر سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے قیام کے حق میں دو مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے، جبکہ اس کے برعکس سندھ اسمبلی سندھ میں مزید صوبے بنانے کے خلاف 8 بار قراردادیں منظور کر کے اپنا موقف واضح کرچکی ہے۔
شرجیل میمن کا یہ بیان خواجہ آصف کے اس موقف کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سرائیکی صوبے کی حمایت کرتی ہے لیکن جب نئے انتظامی یونٹس کا ذکر آئے تو سندھو دیش کا بیانیہ شروع ہوجاتا ہے، اور پیپلز پارٹی کی اس دوہری پالیسی کو وقت آنے پر واضح کیا جائے گا۔