پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن شیڈول سے پہلے جنوری میں کرانے کی تجویز پر غور

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام آٹھوں فرنچائزز نے لیگ کے اگلے ایڈیشن کو متوقع شیڈول کے برعکس جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

لندن میں منعقدہ گورننگ کونسل کے اجلاس میں اپریل اور مئی کے دوران محدود اشتہاری آمدنی کے خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فرنچائز مالکان نے براڈکاسٹنگ ریونیو اور اشتہاری آمدنی میں اپنے حصص کی فراہمی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایل کے ابتدائی نو ایڈیشنز فروری اور مارچ میں منعقد کیے گئے تھے، جبکہ 2025 اور 2026 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کے باعث ٹورنامنٹ کو اپریل اور مئی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ وقت پر منتقل کیا گیا تھا۔

جنوری میں ٹورنامنٹ کرانے کی صورت میں پی سی بی کو جنوبی افریقا کی SA20 اور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی میں مسائل کے ساتھ ساتھ پنجاب میں شدید سردی اور دھند جیسے موسمی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز معتدل موسم کی وجہ سے کراچی سے کرنے اور بعد ازاں میچز پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

واضح رہے کہ نومبر کے وسط سے لے کر مارچ کے درمیان پاکستان کرکٹ ٹیم کا بین الاقوامی شیڈول فارغ ہے، جس سے لیگ کے لیے ایک بہترین اور واضح ونڈو میسر آ سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US