اسلام آباد کے پمز اسپتال میں اصلاحات کے لیے 20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سرکاری اور نجی شعبے کے ماہرین صحت شامل ہیں، جو پمز کے انتظامی امور کا جائزہ لے کر اسپتال کے معاملات بہتر انداز میں چلانے سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں پمز سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پمز کے انتظام کے لیے بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پمز میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نوزائیدہ بچوں کی المناک اموات ہوئی تھیں جس کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران معطل کیے گئے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کی گئی۔