پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے ایک بار پھر قومی ٹیم کے سلیکٹر اور عبوری کوچ عاقب جاوید کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جیسن گلیسپی نے عاقب جاوید کے اس بیان کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کی موجودہ ابتر صورتحال کا ذمہ دار گلیسپی اور گیری کرسٹن کو قرار دیا تھا۔
جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید اب بھی سلیکٹرز کے چیئرمین ہیں اور اپنی نوکری برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ میں اور گیری کرسٹن تو پاکستان کرکٹ کے ساتھ دو سال بھی مکمل نہیں کرسکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید دو سال سے وہاں موجود ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے دور میں پاکستان کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے، لیکن معذرت کے ساتھ ایسا بالکل نہیں ہے۔
سابق ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ عاقب جاوید کے دورِ اقتدار میں پاکستان کرکٹ بہتری کے بجائے تینوں فارمیٹس کی عالمی رینکنگ میں نیچے گئی ہے۔