قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی بولر نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کے لیے ایک نیا تاریخ ساز ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
دبئی میں ویمنز ایشیا کپ کے دوران ہانگ کانگ کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ پاکستان کی جانب سے ویمنز اور مینز دونوں کیٹیگریز میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی ایک اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم کی طرف سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب مینز اور ویمنز کرکٹ میں مجموعی طور پر پاکستان کے لیے بہترین انفرادی بولنگ کا اعزاز سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ اسی ویمنز ایشیا کپ کے ایک دیگر میچ میں سری لنکا کی چماری اتاپتو نے بھی ہانگ کانگ ہی کے خلاف 5 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔