پاکستان میں ٹریفک حادثات کا سالانہ خرچ، آئی ایم ایف کے قرض سے بھی زیادہ!

image

پاکستان میں سڑکوں پر حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، غیر محتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈرائیورز میں قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے کے ساتھ مؤثر اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔

نیشنل ٹرانسپورٹ ریسرچ کی رپورٹس کے مطابق ملک میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار بھی ہوتے ہیں۔ ان حادثات کا معاشی بوجھ بھی بھاری ہے، کیونکہ علاج، گاڑیوں کی مرمت اور دیگر اخراجات پر اربوں ڈالر خرچ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

کراچی میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں ٹریفک پولیس کے مطابق حادثات کی ایک بڑی تعداد ہیوی گاڑیوں سے منسلک ہے۔ دوسری جانب موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی، کم عمر افراد کی ڈرائیونگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا رجحان بھی خطرات میں اضافہ کر رہا ہے۔

شہریوں کے لیے محفوظ سڑکیں نہ ہونا بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ کئی مقامات پر زیبرا کراسنگ، پیدل چلنے والوں کے راستے اور دیگر بنیادی سہولیات موجود نہیں، جس کے باعث سڑک عبور کرنا بھی خطرناک بن جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روڈ سیفٹی کی تعلیم اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے نصاب کا حصہ بنائی جائے، قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہو اور موجودہ ٹریفک قوانین کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے۔ محض قوانین بنانا کافی نہیں، ان پر مسلسل عمل درآمد ہی حادثات میں کمی لا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US