پنشنرز کے لیے نئے قواعد نافذ، پنشن کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگی

image

وزارت خزانہ نے پنشنرز کے لیے نئے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت آئندہ پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل پنشن نظام کے ذریعے کی جائے گی اور پرانا کاغذی تصدیقی طریقہ ختم کردیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ہر پنشنر کو چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل تصدیق کرانا لازمی ہوگا۔ یہ تصدیق نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز کے ذریعے مکمل کی جاسکے گی۔

نئے نظام کے تحت پنشن کی رقم براہ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی جبکہ مارچ اور ستمبر میں تصدیق کرانے کا سابقہ مقررہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق بینک اب پنشنرز سے الگ سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہیں کریں گے اور پنشن اکاؤنٹ کو صرف تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر ڈورمنٹ نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پنشن اکاؤنٹ بند نہیں ہوگا، تاہم اگر پنشنر مسلسل چھ ماہ تک اپنی ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہیں کراتا تو پنشن کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی پنشن کی ادائیگی دوبارہ شروع کردی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US