وزیراعظم شہباز شریف نے برآمد کنندگان کو سپر ٹیکس سے حاصل استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملکی برآمدات کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری اور معاشی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کا مقصد برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت اور ان کی تجاویز حاصل کرنا ہے۔ حکومت کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ایف بی آر نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال کے دوران 800 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ معاشی استحکام اور ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔